Monday, February 19, 2018

مغرور لومڑی
ڈاکٹر جمیل جالبی
ایک بلی آبادی سے دور ایک جنگل میں رہتی تھی۔ وہیں پاس ہی ایک لومڑی بھی رہتی تھی۔ آتے جاتے اکثر ان کی ملاقات ایک دوسرے سے ہو جاتی تھی۔
ایک دن جب سورج چمک رہا تھا اور خوب دھوپ نکلی ہوئی تھی۔ ایک گھنے پیڑ کے نیچے ان کی ملاقات ہوئی۔ خاصی دیر دونوں ایک دوسرے سے بات کرتی رہیں۔
لومڑی نے کہا، "اے بی بلی! اگر دنیا میں سو طرح کی آفتیں آ جائیں یا کوئی مجھ پر حملہ کردے تو مجھے کوئی فکر نہیں۔ مجھے ہزاروں گُر اور تراکیب آتی ہیں۔ میں ان سب مصیبتوں سے بچ کر نکل جاؤں گی، لیکن خدا نخواستہ تو اگر کسی آفت دوچار ہو تو کیا کرے گی؟"
بلی بولی، "اے بُوا! مجھے تو ایک ہی گُر اور ترکیب یاد ہے۔ اگر اس سے چُوک جاؤں تو ہرگز میری جان نہ بچے اور میں ماری جاؤں۔"
یہ سن کر لومڑی کو بلی پر بہت ترس آیا۔ کہنے لگی، "اے بی! مجھے تیری حالت پر بہت رحم آتا ہے۔ میرا جی تو یہ چاہتا ہے کہ ان ترکیبوں میں سے دو چار تجھے بھی بتاؤں، لیکن بہن! زمانہ بہت خراب آ گیا ہے۔ کسی پر بھروسہ نہیں کیا جا سکتا۔"
ابھی وہ دونوں یہ باتیں کر ہی رہی تھیں کہ بہت قریب سے کتوں اور شکاریوں کی آوازیں سنائی دیں۔ آوازیں سن کر یہ دونوں گھبرا گئیں۔ بلی نے خطرہ دیکھ کر آؤ دیکھا نہ تاؤ اپنی پرانی ترکیب پر عمل کیا اور جھٹ سے پیڑ پر چڑھ کر اونچی ڈالیوں میں چھپ کر بیٹھ گئی۔ اسی دوران میں کتے اتنے قریب آ گئے کہ لومڑی اپنی کسی ترکیب پر عمل نہ کر سکی۔
ذرا سی دیر میں کتوں نے لومڑی کو دبوچ لیا اور اس کے ٹکڑے ٹکڑے کر دیے۔
٭٭٭
ماہنامہ ہمدرد نونہال، ستمبر ١٩٩٤ء سے لیا گیا۔

Related Posts:

  • خزانے کی تلاش خزانے کی تلاش معراج علامہ دانش نے قہوے کی چسکی لے کر سوال کیا، "آپ میں سے کوئی صاحب خزانے کی تلاش میں دلچسپی رکھتا ہے؟" کپتان مرشد نے کہا، "میں ایسی مہموں میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتا۔" علامہ دانش نے کہا، "میں پوچھ سکتا ہوں … Read More
  • پراسرار غار میں پراسرار غار میں معراج ہم نے علامہ دانش کے ساتھ بہت سے سفر کئے۔ ہر دفعہ ہم کوئی نہ کوئی بات دریافت کرکے واپس لوٹے۔ کبھی کبھی ایسا بھی ہوا کہ ہم کسی خبر کی تصدیق کے لئے اس جگہ پہنچے تو بات کچھ اور ہی نکلی۔ ایک دن علامہ نے اط… Read More
  • بھول بھلکڑ بھول بھلکڑ ناصر محمود خٹک کسی جنگل میں ایک ننھا منا ہاتھی رہا کرتا تھا۔ نام تھا جگنو۔ میاں جگنو ویسے تو بڑے اچھے تھے۔ ننھی سی سونڈ، ننھی سی دم اور بوٹا سا قد، بڑے ہنس مکھ اور یاروں کے یار، مگر خرابی یہ تھی کہ ذرا دماغ کے ک… Read More
  • سورج کی تلاش سورج کی تلاش سید فہد بلال ٹنڈرا ایک برفانی علاقہ ہے۔ یہاں رہنے والوں کو اسکیمو کہتے ہیں۔ ٹنڈرا میں شدید سردی ہوتی ہے اور سورج کم نکلتا ہے۔ اس علاقے میں نیذر نامی ایک لڑکا اپنے ماں باپ کے ساتھ رہتا تھا۔ اس کا باپ رینڈیئر … Read More
  • شادی کا تماشا شادی کا تماشا کاشف اقبال سارا گھر رنگ برنگے قمقموں سے جگمگا رہا تھا۔ ہر طرف رنگین جھنڈیاں لہلہا رہی تھیں۔ خوبصورت ساڑھیوں اور سوٹوں میں ملبوس، کٹے ہوئے بالوں کے ساتھ خواتین ادھر ادھر گھوم رہی تھیں، مگر ان کے چہروں پر بارہ … Read More

0 comments:

Post a Comment

Popular Posts

Blog Archive