Monday, February 19, 2018

ہنسنا منع ہے
ادارہ
بچوں کے لطائف
ماہنامہ ہمدرد نونہال کے پرانے شماروں سے منتخب کردہ لطائف۔
٭٭٭

ایک دوست (دوسرے سے): "یار! تمہاری مرغی کا کیا حال ہے جو سائکل کے نیچے آگئی تھی؟"
دوسرا دوست: "اس کا حال تو ٹھک ہے بس انڈے ٹوٹے ہوئے دیتی ہے۔"
٭٭٭

ایک لڑکا سڑک پر بھیک مانگ رہا تھا۔ ایک عورت نے کہا، "تمہیں شرم نہیں آتی؟ تمہاری عمر کے لڑکے تو اسکول جاتے ہیں۔"
"وہاں بھی گیا تھا، مگر کسی نے ایک پیسا بھی نہیں دیا۔" لڑکے نے جواب دیا۔
٭٭٭

استاد (دو لڑکوں سے): "ارے! آپس میں سر کیوں ٹکرا رہے ہو؟"
ایک لڑکا: "جناب! آپ ہی نے تو کہا تھا کہ ریاضی میں پاس ہونے کے لیے دماغ لڑانا ضروری ہے۔"
٭٭٭

ایک دوست (دوسرے سے): "ڈاکٹر نے مجھے کرکٹ کھیلنے سے منع کردیا ہے۔"
دوسرا دوست: "شاید اس نے تمہیں کرکٹ کھیلتے ہوئے دیکھ لیا ہے۔"
٭٭٭

مہمان (چھٹا کینو لیتے ہوئے میزبان سے): "اجی، کیا بتاؤں میری نظر تو بہت کمزور ہے۔"
میزبان (جل کر): "جی ہاں! جبھی آپ کینوؤں کو انگور سمجھ کر کھا رہے ہیں۔"
٭٭٭

مجسٹریٹ (جیب کترے سے): "تم نے اس آدمی کی جیب سے بٹوہ کس طرح نکال لیا؟"
جیب کترا (تن کر): اس علم کو سکھانے کی فیس پانچ سو رپے ہے۔"
٭٭٭

ایک خاتون نے بڑا سا کیک خریدا۔ بیکری والے نے چھری اٹھاتے ہوئے پوچھا، "چھے ٹکڑے کروں یا آٹھ؟"
"چار کردیں، میں آج کل ڈائٹنگ کر رہی ہوں۔" خاتون نے جواب دیا۔
٭٭٭

ڈاکٹر (نوکر سے): "دیکھو دروازے پر کون آیا ہے۔"
نوکر: "کوئی مریض ہوگا!"
ڈاکٹر: "جاؤ معلوم کرو مریض نیا ہے یا پرانا۔"
نوکر: "نیا ہی ہوگا۔ آپ کے پاس آکر پرانا تو مشکل ہی سے بچتا ہے۔"
٭٭٭

ایک کوچوان (دوسرے کوچوان سے): "تمہارا گھوڑا سوکھی گھاس بڑے شوق سے کھا رہا ہے۔ جب کہ میرا گھوڑا تو صرف ہری گھاس کھاتا ہے۔
دوسرا کوچوان (بڑے فخر سے): "میں نے گھوڑے کی آنکھوں پر ہرے شیشوں کا چشمہ لگایا ہوا ہے۔"
٭٭٭

جیل کا داروغہ (قیدی سے): "معاف کرنا، میں نے تمہیں چار دن زیادہ قید میں رکھا۔"
قیدی: " کوئی بات نہیں۔ آئندہ آؤں تو چار دن پہلے رہا کردینا۔"
٭٭٭

ایک آدمی نجومی کے پاس گیا اور بولا، "میری ہتھیلی میں کھجلی ہورہی ہے۔"
نجومی بولا، "تم کو جلد ہی دولت ملنے والی ہے۔"
آدمی بولا، "میرے پاؤں میں بھی کھجلی ہورہی ہے۔"
نجومی بولا، "تم سفر بھی کرو گے۔"
آدمی بولا، "میرے سر میں بھی کھجلی ہورہی ہے۔"
نجومی جھلا کر بولا، "چلو بھاگو یہاں سے، تمہیں تو خارش کی بیماری معلوم ہوتی ہے۔"
٭٭٭

عورت (لڑکے سے): تمہارا اسکول کہاں ہے؟
لڑکا: میرے گھر کے سامنے۔
عورت: تو تمہارا گھر کہاں ہیں؟
لڑکا: اسکول کے سامنے۔
عورت: اچھا دونوں کہاں ہیں؟
لڑکا: ایک دوسرے کے سامنے۔
٭٭٭

ایک دوست (دوسرے سے): یار! جب سے تمہارے گھر آیا ہوں یہ مکھیاں پیچھا ہی نہیں چھوڑتیں۔
دوسرا دوست: کھیاں گندی چیزوں کو دیکھ کر ہی منڈلاتی ہیں۔
٭٭٭

ایک دوست (دوسرے سے): جب سورج کی پہلی کرن مجھ پر پڑتی ہے میں اٹھ جاتا ہوں۔
دوسرا دوست: لیکن تمہاری امی کہتی ہیں کہ تم پورا دن سوتے رہتے ہو۔
پہلا دوست: ہاں دراصل میرے کمرے کی کھڑکی مغرب میں ہے۔
٭٭٭

اطلاعی بیل بجنے پر بیوی نے دروازہ کھولا تو دروازے پر شوہر کو کھڑاپایا۔
بیوی نے مسکرا کر کہا، "آپ کے چہرے سے تھکن ظاہر ہورہی ہے۔ لگتا ہے آج آپ نے آفس میں بہت کام کیا ہے۔"
شوہر نے کہا، "ہاں بات تو یہی ہے۔"
بیوی نے کہا، "پھر تو زبردست کھانا ہونا چاہیے۔ بیف برگر، بروسٹ، فرائیڈ فش، آئس کریم اور آخر میں کولڈ ڈرنک۔"
شوہر نے کہا، "نہیں، کھانا ہم آج گھر میں ہی کھائیں گے۔"
٭٭٭

ایک دوست (دوسرے سے): وہ کون سی چیز ہے جس کے چار پاؤں ہوتے ہیں مگر وہ چل نہیں سکتی؟۔
دوسرا دوست: ایسی کوئی چیز نہیں ہے۔
پہلا دوست: میز۔
٭٭٭

ایک دوست (دوسرے سے): میں نے نیا فلیٹ خرید لیا ہے اور کمرے کو بہترین طریقے سے سجایا ہے۔
دوسرا دوست: کیسے سجایا ہے؟
پہلا دوست: بالکل آفس کے انداز میں، تاکہ مجھے خوب گہری نیند آئے۔
٭٭٭

استاد جی کلاس میں ایک ڈبہ لے کر آئے ۔ لڑکوں نے پوچھا ، " استاد جی ! اس ڈبے میں کیا ہے ؟"
استاد نے کہا ، " جو درست بتائے گا ، اسے اس ڈبے سے دو پینسلیں ملیں گی۔"
٭٭٭

ایک فلسفی اور گنجا حجام اکھٹے سفر کر رہے تھے ۔
جب رات ہوگئی تو انہوں نے طے کیا کہ باری باری پہرہ دیا جائے ۔ پہلے حجام کی باری تھی ۔ حجام کا دل بہت گھبرایا ۔ اس نے تھیلی میں سے اوسترا نکال کر فلسفی کو گنجا کر دیا ۔ جب فلسفی کی باری آئی تو اس نے بے خیالی سے سر پر ہاتھ پھیرا اور کہنے لگا ، " باری میری تھی اٹھا حجام کو دیا ۔ "
٭٭٭

استاد ( لڑکے کے باپ سے ) : جناب ! آپ کا بیٹا کلاس میں بہت کمزور ہے ۔
باپ : اللہ کے فضل سے گھر میں دو بھینسیں ہیں ۔ دودھ مکھن کی کوئی کمی نہیں ۔ پھر بھی معلوم نہیں کیوں کمزور ہے ۔
٭٭٭

ایک دوست ( دوسرے سے ): میری بچپن میں خواہش تھی کہ میں دنیا کا سب سے بڑا جھوٹا بنوں۔
دوسرا دوست : پھر کیا ہوا ؟
پہلا دوست : بس پھر کیا ، میں وکیل بن گیا۔
٭٭٭

برطانوی وزیر اعظم ایک عام جلسے میں تقریر کر رہے تھے۔ اچانک پنڈال سے باہر ایک گدھے نے رینکنا شروع کردیا۔ انہوں نے تقریر جاری رکھی۔ اس پر پیچھے سے آواز آئی، "ایک وقت میں ایک جناب۔"
٭٭٭

ایک انگریز سیاح نے جو چینی زبان نہیں جانتا تھا، مینو کی آخری سطر پر انگلی رکھتے ہوئے بیرے سے کہا کہ وہ اس ڈش کی ایک پلیٹ لے آئے۔بیرے نے جو انگریزی جانتا تھا، مسکراتے ہوئے کہا، "معاف کیجیے جناب! آپ کے حکم کی تعمیل نہ ہو سکے گی، کیوں کہ یہ ہمارے ہوٹل کے مالک کا نام ہے۔"
٭٭٭

ایک دن ملا نصرالدین رمضان میں کھانا کھا رہے تھے۔ ایک آدمی نے دیکھا تو پوچھا "آپ رمضان میں کھانا کھا رہے ہیں۔"
ملا نے جواب دیا، "آپ اس پلیٹ کو رمضان کہتے ہیں۔ میں تو اسے پلیٹ کہتا ہوں اور میں پلیٹ میں کھانا کھا رہا ہوں رمضان میں نہیں۔"
٭٭٭

ایک صاحب قبرستان میں ایک قبر کے پاس کھڑے رو رو کر کہہ رہے تھے، "تم تو چلے گئے، مگر میری زندگی کو خزاں بنا گئے۔"
ایک راہ گیر نے ہمدردی میں ان سے پوچھا، "اس قبر میں آپ کا کوئی عزیز دوست یا رشتےدار دفن ہے؟"
ان صاحب نے جواب دیا، "جی نہیں، یہ میری بیوی کے پہلے شوہر کی قبر ہے۔"
٭٭٭

باپ (بیٹے سے) : کیا امتحان میں سوال آسان تھے؟
بیٹا: سوال تو آسان تھے، مگر جواب مشکل تھے۔
٭٭٭

شیخی خور (دوستوں کی محفل میں): ارے میلبورن کے میچ میں جاوید میاں داد نے سو رن بنا کر کون سا کمال کیا ہے۔ سو رن بنانا میرے بائیں ہاتھ کا کھیل ہے، لیکن۔۔۔ ۔۔
"لیکن کیا؟" سب نے دل چسپی سے پوچھا۔
شیخی خور (ہنستے ہوئے): اگر امپائر مجھے آؤٹ نہ دے تو!
٭٭٭

مالک (ملازم سے): تمہیں دفتر میں آئے ہوئے صرف ایک دن ہوا ہے اور تم نے تین کرسیاں توڑ ڈالیں۔
ملازم: جناب، آپ کے اشتہار میں لکھا تھا کہ آپ کو مضبوط آدمی چاہیے۔
٭٭٭

مشہور سائنسداں آئن اسٹائن ایک مرتبہ بس میں سفر کر رہے تھے۔ انہوں نے اپنے ہینڈ بیگ سے کچھ ضروری کاغذات نکال کر پڑھنا چاہے تو خیال آیا کہ اپنا چشمہ تو گھر بھول آئے ہیں۔ مجبورا ساتھ بیٹھے ہوئے شخص سے کہا، "ازراہ کرم! ذرا یہ کاغذات پڑھ دیجیے۔"
اس شخص نے مسکراتے ہوئے کہا، "جناب! میں بھی آپ کی طرح جاہل ہوں۔"
٭٭٭

ایک آدمی کچھ سامان لے کر سڑک پر بہت تیز دوڑ رہا تھا۔
ایک پولیس سارجنٹ نے اسے روک کر پوچھا، "بھائی! تم کہاں بھاگ رہے ہو؟"
اس آدمی نے کہا، "میں اپنی بیوی کے لیے چیزیں خرید کر لے جا رہا ہوں۔"
"مگر اس میں دوڑنے کی کیا بات ہے؟" سارجنٹ نے تعجب بھرے لہجے میں کہا۔
"میں بھاگ اس لیے رہا ہوں، کیوں کہ اگر میں دیر سے گھر پہنچا تو کہیں فیشن نہ بدل جائے اور مجھے واپس جانا پڑے۔"
٭٭٭

ایک بڑی فیکٹری کا مالک جب اپنے اسٹور روم کے معائنے کے لیے گیا تو اس نے باہر ایک نوجوان کو دیکھا جو درخت کی چھاؤں تلے بیٹھا گنگنا رہا تھا۔ مالک نے اس سے پوچھا، "تم کیا کام کرتے ہو؟"
وہ بولا، "میں چپڑاسی ہوں۔"
مالک نے پوچھا، "تمہیں ہر ماہ کتنی تنخواہ ملتی ہے؟"
چپڑاسی نے جواب دیا، "چار سو روپے۔"
مالک نے اپنی پتلون کی جیب سے سو سو کے چار نوٹ نکالے اور انہیں چپڑاسی کے ہاتھ میں تھماتے ہوئے کہا، "نکل جاؤ میری فیکٹری سے! آئندہ پھر کبھی نہیں آنا۔"
جب چپڑاسی فیکٹری کے احاطے سے چلا گیا تو مالک نے مینیجر کو بلا کر پوچھا، "وہ کام چور چپڑاسی کتنے دن سے ہمارے ہاں ملازم تھا؟"
"سر! وہ ہمارا ملازم نہیں تھا۔ کسی اور فیکٹری سے خط لے کر آیا تھا اور جواب کا انتظار کر رہا تھا۔"
٭٭٭

0 comments:

Post a Comment

Popular Posts

Blog Archive